Aaj Logo

شائع 22 مئ 2024 03:24pm

پی آئی اے نجکاری براہ راست دکھائیں گے، ملازمین 3 سال تک رہیں گے، وزیر نجکاری

وفاقی وزیر نجکاری علیم خان نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائنز پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کا آغاز کردیا ہے، نجکاری کا عمل قوم کو براہ راست دکھایا جائے گا۔

سینیٹ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری پر بات کرتے ہوئے علیم خان نے بتایا کہ 830 ارب کا خسارہ ایک دم نہیں ہوا یہ پرانا سلسلہ ہے اس کی تباہی میں سب نے کردار ادا کیا، جب جہاز ہی نہ ہوں تو ملازمین زیادہ ہی لگتے ہیں۔

وفاقی وزیر نجکاری کے مطابق اس وقت پی آئی اے کے 18 جہاز چل رہے ہیں اگر اتنے کم جہازوں کی وجہ سے ہزاروں ملازمین بھرتی ہوں تو کیا نتیجہ نکلے گا؟

یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے کون خرید سکتا ہے، حکومت نے شرائط جاری کردیں

انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ نجکاری میں شفافیت رکھی جائے گی، نجکاری کا عمل قوم کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ پی آئی اے اب ایسے نہیں چل سکتی، نجکاری کے بعد بھی ملازمین کم ازکم تین سال تک نوکری کرتے رہیں گے۔

Read Comments