ورلڈکپ سے پہلے قومی اسکواڈ کی تیاریاں عروج پر ہے، پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج سے آغاز سے ہوگا۔پہلا میچ ہیڈنگلے لیڈزمیں کھیلا جائے گا جبکہ بارش رنگ میں بھنگ ڈالنے کو بھی تیارہے۔ ادھر بابراعظم کہتے ہیں کہ انگلینڈ سیریز ورلڈ کپ سے پہلے تیاری کے لئے سنہری موقع ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچز کی ٹی 20 سیریز کا پہلا ٹاکرا ہیڈنگلے لیڈز میں ہوگا۔ دونوں ٹیمیں رات ساڑھے 10 بجے میدان میں اتریں گی۔
گرین شرٹس کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض جوز بٹلر سرانجام دیں گے، کپتان بابر اعظم نے سیریز کو ورلڈ کپ سے پہلے تیاری کیلئے سنہری موقع قرار دیا۔
بابر اعظم نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کا اشارہ دے دیا ہے جبکہ شائقین نے بھی قومی ٹیم سے جیت کی امید لگالی۔ ادھرمیچ میں بارش بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کو تیار ہے۔
ٹی 20 فارمیٹ کی کرکٹ میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، برطانیہ اور پاکستان کا 29 بار آمنا سامنا ہوا، 19 میں انگلش ٹیم فاتح رہی جبکہ گرین شرٹس نے صرف 9 میچز میں فتح سمیٹی اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔
پاک انگلینڈ سیریز کا دوسرا میچ 25 مئی کو برمنگھم میں ہوگا۔