Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 مئ 2024 09:39am

ہمایوں سعید کے بچے کیوں نہیں ہیں، وجہ بتادی

ہمایوں سعید ایک شاندار پاکستانی اداکار اور فلم پروڈیوسر ہیں۔ انہوں نے اب تک اپنی شاندار پروڈکشن کے ذریعے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں دونوں میں ایک اداکار کی حیثیت سے بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز نوے کی دہائی کے اوائل میں کیا اور فوری طور پر ایک لازوال شہرت حاصل کی۔ ”مہندی“ ، ”کبھی کبھی پیار میں“ ، ”دوراہا“ ، ”میرا سائیں“، اور ”میرے پاس تم ہو“ ان کے بلاک بسٹر ڈرامے ہیں, جنہوں نے انہیں پذیرائی اور بڑے پیمانے پر فین فالوئنگ حاصل کی۔

ان دنوں ہمایوں سعید کو گرین انٹرٹینمنٹ کے سیریل ”جینٹل مین“ میں پسند کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ثمینہ ہمایوں سعید سے پسند کی شادی کی ہے لیکن اس جوڑے کے کوئی بچے نہیں ہیں۔

حال ہی میں یوٹیوب چینل کے ایک وائرل انٹرویو میں ہمایوں سعید نے بچے نہ ہونے کی وجہ بتا دی۔ انہوں نے بچوں اور اپنے خاندان کے لئے اپنی محبت کا بھی اظہار کیا۔اور بالی ووڈ آفرز کے بارے میں بھی بتایا۔

ہمایوں سعید نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ مسائل کی وجہ سے ہمارے بچے نہیں ہیں۔ یہ اللہ کی طرف سے ہے کہ ہمارے بچے نہیں ہیں، لیکن میں اپنے آس پاس کے تمام بچوں سے پیار کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب اسکینڈلز کا حصہ بننا پسند نہیں کرتے، کیونکہ اس سے ان کے خاندان پر اثر پڑتا ہے اور وہ اپنے خاندان سے محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے اسکینڈلز مجھے پریشان نہیں کرتے تھے، لیکن سوشل میڈیا کی آمد کے بعد باتیں تیزی سے پھیلنے لگتی ہیں اور لوگ ہر قسم کی باتوں کو اہمیت دینے لگتے ہیں، یہ جانے بغیر کہ یہ سچ ہے یا جھوٹ۔ اس لیے اب مجھے اس کی پرواہ ہے،پہلے لوگ عائشہ خان، مشی خان اور دیگر کے ساتھ میری جعلی شادیوں جیسے اسکینڈلز پر یقین کرتے تھے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے صرف ایک شادی کی ہے اور وہ ثمینہ سے ہے۔

بالی ووڈ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ، مجھے بالی ووڈ سے ابھی تک کوئی خاص آفر نہیں ہوئی ہے، ایک مرتبہ عامر خان نے مجھے اپنی فلم ”گنجنی“ کے لیے ایک کردار آفر کیا تھا اور میں وہاں گیا بھی تھا مگر پھر عامر خان نے مجھ سے کہا کہ یہ رول میرے لیے منا سب نہیں ہے اور مجھے بھی ایسا ہی لگا، اس لیے میں واپس آگیا۔ ویسے بھی مجھے اپنی فلم انڈسٹری میں کام کرنا پسند ہے اور میں اسے ترقی کرتا دیکھنا چاہتا تھا۔ آج جب اچھی فلمیں بن رہی ہیں اور دنیا کے دیگر ممالک میں دیکھی جا رہی یں ،تو مجھے اپنا کیریئر بنانے کے لیے کسی اور طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔اس ویڈیو کا لنک یہ ہے:

Read Comments