لوک سبھا انتخابات کے لئے پیر کے روز ہندی سنیما کی کئی مشہور شخصیات کو ممبئی میں اپنے متعلقہ پولنگ مراکز پر اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔
رنویر سنگھ اپنی حاملہ اہلیہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ تھے جبکہ شاہ رخ خان اپنی فیملی کے ساتھ ووٹنگ سینٹر پہنچے۔ ایک اور ویڈیو میں ایشوریہ رائے بچن قطار میں کھڑے دیگر رائے دہندگان کے ساتھ بات چیت کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ لیکن ایک لمحہ جس نے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ توجہ حاصل کی وہ یہ تھا کہ سلمان خان وہیل چیئر پر سوار کئی ووٹروں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔
بالی ووڈ سپر اسٹارسلمان خان حال ہی میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے پانچویں مرحلے کے لئے اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے ایک پولنگ اسٹیشن پہنچے۔
دبنگ اداکار کو ممبئی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنی گاڑی سے باہر نکلتے اور گیٹ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ سوشل میڈیا کی ایک ویڈیو میں اداکار کو گرے رنگ کی ٹی شرٹ اور کالی پتلون پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سلمان جیسے ہی اپنی گاڑی میں پہنچے، پاپارازیوں نے اداکار کو گھیرے میں لینے کی کوشش کی۔ ٹائیگر 3 اسٹار کو ان کے باڈی گارڈز نے گھیر لیا، جب وہ اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے اندر گئے۔
ووٹنگ کے مقام پر موجود پاپارازیوں کے سامنے پوز دینے سے قبل انہوں نے وہیل چیئر پر بیٹھی ایک خاتون سے مختصر بات چیت بھی کی۔
ٹائیگر 3 کے اداکار کو معروف سنیماٹوگرافر ندیم خان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا جو اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے وہیل چیئر پر آئے تھے۔ ویڈیو میں سلمان ندیم کو یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ وہ ’ملک کے بہترین ڈی او پی‘ ہیں۔
اس سے قبل سلمان خان کے والد سلیم خان نے اپنی پہلی بیوی سلمیٰ خان کے ساتھ ممبئی کے باندرہ علاقے میں اپنا ووٹ ڈالا۔