تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 8 جون کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ٹویٹ میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 8 جون کو اسلام آباد ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت کے لیے درخواست بھی دے دی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں فیصل آباد میں جلسے کی اجازت سے متعلق سماعت ہے، کراچی میں جلسے کا ٹارگٹ 2 جون ہے۔
واضح رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ سینیئر سیاستدان محمود اچکزئی ہیں جبکہ اس میں پاکستان تحریک انصاف سمیت 6 سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔
اس سے قبل 19 مئی کو فیصل آباد میں ہونے والا تحریک تحفظ آئین پاکستان کا جلسہ انتظامیہ کی جانب سے این او سی نہ ملنے کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک گیر تحریک کا اعلان کررکھا ہے۔
تحریک انصاف سمیت اس اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کا الزام ہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے جس میں ادارے ملوث تھے۔