Aaj Logo

شائع 19 مئ 2024 11:02pm

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے پر صدر مملکت، وزیراعظم کا بیان سامنے آگیا

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے بیانات سامنے آئے ہیں، صدر اور وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر پیش آنے والے حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ عبداللہیان کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے حوالے سے کہا کہ ایران کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے بارے میں پریشان کن خبر سنی، بڑی بے چینی کے ساتھ اچھی خبر کے لیے انتظار کر رہے ہیں کہ سب ٹھیک ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔

صدر مملکت

صدر مملکت آصف زرداری نے بھی ایرانی صدر کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر لوگوں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر سن کر گہری تشویش ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ میری دلی دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی کی سلامتی اور تندرستی کے لیے ہیں، دعا ہے کہ وہ سلامت رہیں تاکہ ایرانی قوم کی خدمت جاری رکھ سکیں۔

خیال رہے کہ آج ایران اور آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کے افتتاح کی تقریب سے واپسی پر ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی مشرقی آذربائیجان صوبے میں حادثے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے ایرانی صدرکے ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی، ایرانی صدر اور ان کا وفد متعدد ہیلی کاپٹروں میں سوار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے ایک ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی، دشوارگزار علاقے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری نظر ہے، امریکا

ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی اطلاعات کے فوری بعد سامنے آنے والی رپورٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اس وقت ملک کی باگ ڈور سنبھالی جب خلیجی ملک ایک گہرے سماجی اور معاشی بحران کی لپیٹ میں تھا ۔

عراق کی ایران کو ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد کی پیشکش

ایران کے ہمسایہ ملک عراق نے بھی حادثے کے مقام کی تلاش اور ریسکیو کی کوششوں میں ایران کو اپنی مدد فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔

عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے ایک بیان میں کہا کہ عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی نے وزارت داخلہ، عراقی ہلال احمر اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کو ایرانی صدر کے طیارے کی تلاش میں مدد کے لیے دستیاب وسائل فراہم کریں۔

Read Comments