مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست ہے لیکن طلباء کے لیے نہیں، پی آئی اے کو جاتی امراء کے لیے پرائیوٹ جٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ کرغستان میں طلبہ و طالبات کے ایئرپورٹ پر پھنسنے کی اطلاعات ہے، طلبہ و طالبات ٹکٹ کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں، والدین تاحال پریشان ہیں۔
کرغزستان چھوڑنے والے طلباء ہوشیار، امتحانات کے حوالے سے اہم اعلان جاری
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے مفت ٹکٹ کے دعوے بھی سیاسی دعوں کی طرح جھوٹے ثابت ہوئے، خیبر پختونخوا کے طلبہ و طالبات نے اپنی جیب سے ٹکٹ خریدی ہے، ڈی جی انفارمیشن کا بیٹا اپنا ٹکٹ لے کر پہنچ گیا جبکہ بھتیجا تاحال ائیر پورٹ پر پھنسا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین کا حکومت سے خصوصی طیارے بھیجنے کا مطالبہ ہے، طلباء کو معمول کی پروازوں سے لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے مشکلات ہیں، 10 ہزار طلباء کو معمول کی پروازوں سے لانا تشویشناک ہے، تقریبا 3 ہزار طلباء خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست ہے لیکن طلباء کے لیے نہیں، پی آئی اے کو جاتی امراء کے لیے پرائیوٹ جٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے طلبہ و طالبات کے اخراجات کے لیے صوبائی حکومت تیار ہے، وفاقی حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔