جاوید کوڈو اپنے چھوٹے قد کی وجہ سے شہرت پانے والے اداکار ہیں، جو 45 سال سے میڈیا انڈسٹری کی خدمت کر رہے ہیں اور اب تک اسٹیج ڈراموں سمیت 150 فلموں اور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔
جاوید کوڈو ایک مشہور پاکستانی کامیڈین اور اداکار ہیں، جنہوں نے کئی قابل ذکر پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں ”عینک والا جن“ اور ”آشیانہ“ شامل ہیں۔
مداحوں نے مشہور اداکار کاشف محمود کی پروڈیوس کردہ ہٹ ڈرامہ سیریل ”آشیانہ“ میں ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا تھا۔
بدقسمتی سے اداکار کوڈو اس وقت متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ فرح اقرار کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اپنی بیماریوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، مجھے برین ہیمرج ہوا اور میں مفلوج ہو گیا، اس کے علاوہ میں دل کی بیماری میں بھی مبتلا ہوں۔ میرے پیٹ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔ میں ایک اور بیماری میں مبتلا ہوں، جس کے بارے میں میں ٹیلی ویژن پر نہیں بتا سکتا۔ میں خود کو بیمار اور تھکا ہوا محسوس کرتا ہوں۔
اللہ سب کو صحت عطا فرمائے۔ میں ایسی صحت نہیں چاہتا جو انسان کو ظالم بنا دے۔ نشیب و فراز زندگی کا حصہ ہیں اور میں اللہ کی طرف سے منتخب ہونے پر خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔ میں خوش ہوں کہ اللہ نے مجھے جس طرح رکھا ہے۔
جاوید کوڈو نے اپنے ساتھی ادا کاروں کے رویے کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ،آج کل، ہر کوئی مالی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ مجھے امید تھی کہ میرے امیر دوست میری مدد کریں گے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ بھی مہنگائی کی وجہ سے مشکل حالات میں ہیں۔
کبھی کبھی سہیل احمد، محمود اسلم اور اشرف خان مجھے فون کرتے ہیں۔ میں اکثر یہاں حسن مراد سے ملنے آتا ہوں۔ ان سے ملنے کے بعد میں اپنی پریشانیوں اور صحت کے مسائل کے بارے میں بھول جاتا ہوں۔
فرح اقرار الحسن نے اپنے صاحب استطاعت فولوورز پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور جاوید کوڈو کی مدد کریں۔