Aaj Logo

شائع 18 مئ 2024 10:42am

’اختیارات کا غلط استعمال‘ سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر نظرثانی کا وقت آگیا ہے، عدالت

پشاور کے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے ایگری کلچر ٹریننگ انسٹیٹیویٹ حملہ کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ، جس کے مطابق عدالت نے ملزم حماد الدین کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری رہا کرنے کا حکم دیا اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

حکمنامہ میں کہا گیا کہ ’سی ٹی ڈی متعدد کیسز میں بغیر ثبوت کے گرفتاری کرتی ہے، سی ٹی ڈی پولیس اختیارات کا غلط استعمال کررہی ہے، پولیس کی ناقص کارکردگی سے سی ٹی ڈی کے وقار کو نقصان پہنچ رہا ہے، سی ٹی ڈی کے رویے میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی‘۔

تحریری حکمنامہ کے مطابق ’سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر نظرثانی کا وقت آگیا ہے، ایگری کلچر ٹریننگ انسٹیٹیویٹ پر 2017 میں حملہ ہوا تھا، ملزم حماد الدین کو 6 سال بعد گرفتار کیا گیا، ملزم حماد الدین کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، کسی نے حماد الدین کے ملوث ہونے کا شبہ بھی ظاہر نہیں کیا، ملزم حماد الدین کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہیں‘۔

عدالت نے تفتیشی آفیسر کو بھی آئندہ محتاط رہنے کی تنبیہہ کی۔ عدالتی حکمنامہ وزارت داخلہ، آئی جی پولیس، اے آئی جی سی ٹی ڈی کو ارسال کردیا گیا۔

Read Comments