وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں 342 کا سوالنامہ مہیا کر دیا گیا جس میں 9 سوالات کے جوابات طلب کیے گئے ہیں جبکہ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کردی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ سہیب بلال نے علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہورالحسن کو سوالنامہ مہیا کردیا، عدالت نے علی امین گنڈاپور سے 9 سوالوں کے جواب مانگ لیے۔
علی امین گنڈاپور کی جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 11 مقدمات میں ضمانت منظور
عدالت نے علی امین گنڈاپور سے درج ذیل 9 سوالوں کے جواب طلب کیے ہیں۔
1 : آپ نے دوران سماعت پراسیکیوشن کے پیش کیےگئےشواہد،دلائل کوسنا اورسمجھا؟
2 : تیس اکتوبر 2016 کو آپ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی اجتماع میں شرکت کی، کیا کہیں گے؟
3 : آپ کالے رنگ کی گاڑی سے نکلے، جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ گئے، پولیس نے گاڑی تحویل میں لے لی، کیا کہیں گے؟
4 : آپ کی گاڑی کی پچھلی نشست پربلٹ پروف جیکٹ پہنے بیٹھے گارڈ کی تحویل سے بغیر لائسنس بندوق برآمد ہوئی،کیا کہیں گے؟
5 : آپ کی گاڑی سے غیرقانونی اسلحہ اور شراب کی ایک بوتل برآمد ہوئی، کیا کہیں گے؟
6 : پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق کیمیکل جائزے سے ثابت ہواکہ بوتل میں شراب تھی، کیا کہیں گے؟
7: آپ کے خلاف یہ مقدمہ کیوں درج ہوا اور پراسیکیوشن کے گواہان نے آپ کے خلاف کیوں گواہی دی؟
8 : کیا آپ اپنے دفاع میں بطور گواہ دفعہ 340 کے تحت بیان دینا چاہتے ہیں؟
9: کیا آپ اپنے دفاع میں کوئی شواہد پیش کرنا یا کچھ کہنا چاہتے ہیں؟
آرمی میوزیم اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ: علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور
عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 342 کا سوال نامہ فراہم کرتے ہوئے انہیں 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی اور سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔