آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پاکستان ہاکی ٹیم نے ملاقات کی، پاک فوج کے سربراہ نے قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہاکی ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، یقین دلاتے ہیں کہ ہاکی ٹیم کی مسلسل کامیابیاں یقینی بنانے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہفتہ کے روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی، جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق حسین اور پی ایچ ایف کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی آمد پر پاکستان ہاکی ٹیم کا استقبال کیا۔
اذلان شاہ ہاکی کپ میں عمدہ کارکردگی پر وزیراعظم کا کھلاڑیوں کیلئے انعام کا اعلان
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کھلاڑیوں کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہاکی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور مستقبل میں مسلسل کامیابی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایچ ایف صدر طارق حسین نے ٹیم سے ملاقات اور بات چیت پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیر اعظم کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا۔
یاد رہے کہ 11 مئی کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 1-4 گول سے شکست دے دی تھی۔
پاکستان ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، لاہور ائیرپورٹ پر شاندار استقبال
ٹونامنٹ کے فائنل سے قبل قومی ٹیم ناقابل شکست رہی تھی، پاکستان نے 13 سال میں پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔