ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور ایئر پورٹ پر سعودی عرب سے آنے والی 2 خواتین سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سعودی عرب میں بھیک مانگتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔
چاروں ملزم بین الاقوامی پرواز کے ذریعے سعودی عرب سے وطن واپس پہنچے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان چند ماہ قبل عمرے کے ویزے پر سعودی عرب گئے تھے۔ ملزمان کا تعلق خانیوال اور ملتان سے ہے۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران بھیک مانگتے رہے۔
ملزمان کو مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھیک مانگنے پر سخت پابندی ہے۔ پاکستان سمیت متعدد پس ماندہ ممالک سے بہت سے لوگ عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جاکر وہاں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھیک مانگتے پائے جاتے۔ سعودی حکومت نے اس حوالے سے قوانین پر سختی سے عمل شروع کردیا ہے۔ سرِعام بھیک مانگنے والوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کردیا جاتا ہے۔