وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی پہن لی، کہتی ہیں خوش نصیب لوگوں کو وردی پہننا نصیب ہوتی ہے۔
مریم نواز نے لاہور میں ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایلیٹ فورس کی یونیفارم پہن کر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایلیٹ فورس بھی نواز شریف اور شہبازشریف کا لگایا ہوا پودا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یونیفارم پہن کر اس تقریب میں شرکت سے جتنی خوشی آپ کے گھر والوں کو ہورہی ہے اتنی ہی مجھے بھی ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 800 کامیاب بچے میرے سامنے کھڑے ہیں، جن میں خواتین بھی ہیں، کامیاب ہونیوالوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
انھوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ آپ کی پاسنگ آؤٹ دیکھ کر حوصلہ ملا، میں آپ ہی میں سے ہوں، اور آپ سے اظہار یکجہتی کے لئے آپکی یونیفارم پہن کر آئی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کی استعداد کا بڑھانے کے لئے ہر ممکن وسائل مہیا کریں گے۔
مریم نواز نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا، تقریب میں صوبائی کابینہ کے ممبران، آئی جی پنجاب، اعلیٰ پولیس افسران اور پاس آؤٹ ہونے والوں کی فیملیز نے بھی شرکت کی۔