امریکا اور چین کے درمیان ہائی ٹیک کے شعبے میں جاری جنگ نے شدت اختیار کرلی ہے۔ امریکا نے چین کو پیش رفت سے روکنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
ایک طرف برقی گاڑیوں کی درآمد پر 100 فیصد ٹیرف لگایا جارہا ہے اور دوسری طرف چینی اداروں کو پروسیسنگ چپس کے شعبے میں روکنے کے لیے ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔
انٹرنیٹ کی دنیا کے معروف امریکی ادارے مائیکرو سوفٹ نے چین میں اپنے 700 تا 800 ملازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکا اور چین کے درمیان جاری ہائی ٹیک جنگ کے شدید منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے کہیں اور منتقل ہوجائیں۔
مائیکرو سوفٹ کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملازمین کو متبادل مواقع فراہم کرنا اور اُن کے لیے بہتر مستقبل یقینی بنانا ادارے کی بنیادی پالیسی ہے۔ جن ملازمین کو منتقلی کا مشورہ دیا گیا ہے ان کے لیے امریکا، آئرلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مواقع کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ایک بیان میں مائیکرو سوفٹ کی انتظامیہ نے بتایا کہ چین سے ملازمین کو نکلنے اور کہیں اور بہتر مواقع فراہم کرنے کا عمل اندرونی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے اور یہ سب کچھ اسٹینڈرڈ گلوبل بزنس مینیجمنٹ کے ڈومین میں آتا ہے۔
جن ملازمین کو کہیں اور منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے اُن میں غالب اکثریت چینیوں کی ہے اور اُن کا تعلق مشین لرننگ اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے ہے۔