پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے انتہائی غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے، ان کے الفاظ کی مذمت کرتے ہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے تھے ایوان اچھے طریقے سے چلے، فارم 47 سے جیتے ہوئے بلاول نے اسمبلی میں تقریر کی، کل اسمبلی کے فلور پر چیئرمین پی پی کو جواب دیں گے، لیڈر آف اپوزیشن اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج بلاول بھٹو زرداری نے بھی فلور پر غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے ہیں، بلاول بھٹو نے آج پارلیمان کو غلط الفاظ سے نوازا، پی پی چیئرمین کی تربیت واقعی آصف زرداری صاحب نے کی ہے۔
بیرسٹرگوہر نے مزید کہا کہ بلاول جمہوریت کی باتیں برائے نام کرتے ہیں، بلاول بھٹو نے اپوزیشن اراکین کو غلط الفاظ سے پکارا، ڈپٹی اسپیکر نے پیپلزپارٹی کے نمائندے کی حیثیت سے اجلاس بلایا، بلاول بھٹو کے الفاظ کی مذمت کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کہتی تھی جمہوریت میں مداخلت نہ کرو، اب پاؤں پکڑ کر مداخلت چاہتی ہے، بلاول
ان کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی اجلاس میں صدر آصف زرداری کے خطاب پر ڈیبٹ جاری تھی، آج 8 بجے تک اجلاس چلنا تھا لیکن بلاول زرداری کے خطاب کے بعد کارروائی ملتوی کردی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دنیا پر عیاں ہوگیا کہ جمہوریت سے متعلق ان کی بات برائے نام ہے، بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا پھر بھی ڈپٹی اسپیکر نے ان کے الفاظ حذف نہیں کیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے ایوان پیپلز پارٹی کے نمائندہ کے طور پر چلایا، ہم جمہوریت آگے لے کر چلانا چاہتے ہیں، وہ ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے ایوان کی کارروائی کو خراب کرنے کی کوشش کی،جن کو ہم نے جواب دے دیا تھا۔