پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات عمران خان سے مذاکرات کی صورت ہی میں درست ہوسکتے ہیں۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں تو استحکام پیدا ہوگا۔ عام انتخابات کے بعد ضمنی انتخاب میں بھی عوام نے ن لیگ کو مسترد کردیا۔ فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔
ایک سوال پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے بیٹھنے نہیں دے رہا۔ نااہل حکمران کب تک عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کو جیل میں رکھیں گے؟ وہ سب انشاء اللہ بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہر مسئلے کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ن لیگ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہی نہیں۔ ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں۔ ایک بیانیہ مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسرا حکمراں طبقے کا جو مذاکرات سے فرار چاہتا ہے۔