Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 مئ 2024 01:41pm

مہنگائی میں کمی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور بڑھتی سرمایہ کاری تحریک انتشار کو ہضم نہیں ہورہی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی، اسٹاک ایکسچیج کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے، بین الاقوامی وفود آرہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کی بات کررہے ہیں تو یہ باتیں تحریک انتشار کو ہضم نہیں ہورہیں

اسلام آباد میں وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار یہ سوچ رکھتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح انتشار پھیلے، ماضی کی نااہل حکومت اور ہماری حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہماری حکومت کا کام زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے ہمیں ایک سانحے سے بچالیا، جس کی وجہ سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی، کل جب وزیراعظم شہباز شریف نے بلا امتیاز طور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا تو وفاق کے اعلیٰ عہدیداران اور اتحادی جماعتوں کے نمائندگان موجود تھے جن کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر میں مظاہرین کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے گئے، میں سمجھتا ہوں یہ حکومت کی کامیابی ہے کہ کیس بڑے نقصان کے بغیر آزاد کمشیر میں ہڑتال ختم ہوئی اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یہی وہ فیصلہ سازی ہے جو حکومتوں کو کرنا چاہیے، ماضی کی حکومتیں ایسا نہیں کرتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتیں اس نوعیت کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی، ہزارہ کمیونٹی کی مثال ہمارے سامنے ہے کہ ان کی لاشیں رکھے بیٹھے رہے لیکن وزیراعظم بصد تھے کہ وہاں نہیں جائیں گے، یہی فرق ہے اس نااہل اور عوام کی منتخب حکومت میں کہ اب گھنٹوں میں معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جیل سے باتیں کرنے والے کو اپنی کرپشن کا جواب دینا چاہیے، آپ قیدی ہیں سزا یافتہ ملزم ہیں تو آپ کے قول، خط اور فعل کسی کی وقعت نہیں، آپ نے آئی ایم ایف اور دیگر معاملات میں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی کی خاطر ہر قدم اٹھائیں گے اور ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کسی کو اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے اور سازش کرنے والوں کو ناکام بنائیں گے۔

Read Comments