Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 مئ 2024 04:32pm

وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دیدیا

وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دیدیا۔ پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے استعفے کی تصدیق کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے پارٹی صدرکا انتخاب 18 مئی کو جنرل کونسل اجلاس میں کیا جائے گا، شہبازشریف نے اپنا استعفیٰ پارٹی قائد نوازشریف کوبھجوایا۔

مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کلے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیراعظم جناب محمد شہبازشریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ 11 مئی 2024 کو پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو بھجوائے جانے والے استعفے میں جناب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2017 میں قائد محمد نوازشریف سے ناحق وزارت عظمی“ اور جماعت کی صدارت چھین لی گئی تھی۔‘

مریم اورنگزیب نے مزید لکھا کہ ’میرے محبوب قائد کی بریت اُن کے باوقار کردار اور قوم کی خدمت کے بے داغ ماضی کی گواہی ہے۔ جماعت اور قیادت نے دور ابتلا و آزمائش کا بڑی بہادری اور ثابت قدمی سے مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ شہباز شریف نے استعفے میں لکھا ’اس عہدے کو ہمیشہ ایک امانت سمجھا ہے جسے اپنے قائد کو واپس لوٹا رہا ہوں کہ وہ اپنی غیر معمولی لیڈرشپ اور وژن سے ملک اور جماعت کی رہنمائی فرمائیں‘۔

ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے تمام اراکین مجلس عاملہ کو اجلاس کا نوٹس ارسال کردیا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے مرکزی قیادت سمجھتی ہے کہ شہباز شریف حکومتی مصروفیات کے باعث ان کی توجہ بٹ گئی ہے جبکہ پارٹی کو ملک بھر میں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی کا صدر منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔

Read Comments