سابق صدر مملکت عارف علوی نے مذاکرات کو ہی ملکی مسائل کے حل کا راستہ قرار دے دیا اور کہا کہ اگر کوئی بات چیت نہیں کرنا چاہتا تو اسی سے پوچھیں، موجودہ پارلیمنٹ فارم 47 والی ہے، اس کے پاس مینڈیٹ کم ہے، اگر یہ حکومت چلتی رہی تو حالات خراب ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کا مینڈیٹ بحال کیا جائے، اتنا بڑا مینڈیٹ لے کر بھی بانی قید میں ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عارف علوی نے کہاکہ ملکی مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے، میں اس کے لیے کوشش کرتا رہوں گا، عمران خان سے جیل میں ملاقات ہوئی، وہ اچھے موڈ میں ہیں اور صحت بھی ٹھیک ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی کو عوام نے الیکشن میں بھرپور مینڈیٹ دیا اس کے باوجود وہ قید میں ہیں، موجودہ پارلیمنٹ فارم 47 والی ہے، اگر یہی چلتی رہی تو حالات ٹھیک نہیں ہوسکیں گے۔
پی ٹی آئی بند گلی میں چلی گئی، مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے، عرفان صدیقی
سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کی وجہ سے پتہ چل رہا ہے کہ دنیا میں کیا ہورہا ہے، غزہ میں ہونے والے مظالم سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آئے مگر پاکستان میں سوشل میڈیا کو بھی بند کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے اس وقت سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، سعودی عرب سے آنے والے وفد کا ملک کو فائدہ ہوگا۔
عارف علوی نے کہا کہ میں نے فوج کا ہمیشہ دفاع کیا مگر ہمارے تمام ادارے ایک بند گلی میں چلے گئے ہیں، 6 ججوں نے جو خط لکھا ہے اس کا کیس سپریم کورٹ میں ہے۔
سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ہر کسی کے گھر میں جاکر توڑ پھوڑ کی اور چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا۔
واضح رہے کہ سابق صدر عارف علوی نے جمعرات 9 مئی کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
بیرسٹرگوہر کا عمران خان کی صحت سے متعلق عدالتی حکم عدولی کے نوٹس کا مطالبہ
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا تھا کہ عمران خان جیل میں رہ لے گا مگر ڈیل نہیں کرے گا۔