Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 مئ 2024 04:23pm

لیاقت آباد میں علی الصباح شہری قتل، ڈکیتی کا نتیجہ قرار دینے سے پولیس کا گریز

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں صبح سویرے شہری کو قتل کردیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس نے اس واردات کو لُوٹ مار کا نتیجہ قرار دینے سے گریز کیا ہے۔

گنجان آباد علاقے اور تنگ گلیوں میں ملزم پیدل آیا، شہری سے کافی دیر بحث و تکرار بھی کی۔ شبہ ہے کہ معاملہ کچھ اور ہے۔ ملزم نے فرار ہونے کے لیے شہری کی موٹرسائیکل بھی چھینی۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیاقت آباد نمبر تین میں پید آنے والے ملزم سے یوسف خان کی بحث ہوئی۔ ملزم نے پہلی گولی زمین پر چلائی۔ بعد میں ملزم شہری کی موٹرسائیکل لے جانے لگا۔ اس نے مزاحمت کی تو ملزم نے اسے گولی مار دی اور موٹرسائیکل لے کر فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او سپر مارکیٹ انسپکٹر سلیم خان نے ابتدائی تفتیش میں اس واردات کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ قرار دینے سے انکار کردیا ہے۔ مقتول بزنس مین تھا۔ اس نے دو شادیاں کی تھیں۔ وہ لیاقت آباد میں اپنی سالی کے ہاں رات گئے پیسے لینے آیا تھا۔ اہل علاقہ کہتے ہیں مقتول کا اس گھر میں آنا جانا تھا۔ وہ محلے میں کسی سے کوئی بات نہیں کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعاتی شواہد اس واردات کو مشکوک بنارہے ہیں۔ یہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوا ہے۔

Read Comments