Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 مئ 2024 11:56am

محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے عوام کیلئے بارش کی نوید سنا دی

محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں گرمی کے ستائے عوام کیلئے بارش کی نوید سنا دی، تاہم بالائی سندھ میں سورج آگ برسائے گا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، اٹک، جہلم، چکوال میں بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی برسات متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ بالائی سندھ میں موسم شدید گرم اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔

کراچی کا موسم

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

گرمی کی شدت میں معمولی کمی کا امکان ہے، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، جنوب مغرب سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں۔

Read Comments