ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی کھانے کی اشیا کےپیکٹ سے کسی کیڑے یا کسی اور جاندار کی باقیات برآمد ہوئی ہو لیکن حال ہی میں ایک ایسا ہی واقعہ جاپان میں پیش آیا ہے جب ڈبل روٹی کے 2 پیکٹس سے چوہے کی باقیات برآمد ہوئیں۔
یہ بات دنیا جانتی ہے کہ جاپان اپنے حفظانِ صحت کے اعلیٰ معیار کے لیے پوری دنیا میں جانا جاتا ہے تاہم حال ہی میں پیش آنے والے واقعے نے بریڈ تیار کرنے والی کمپنی کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں ڈبل روٹی کے 2 پیکٹس میں سے چوہے کی باقیات برآمد ہوئی جس کے بعد مینوفیکچرنگ کمپنی کی جانب سے 1 لاکھ سے زائد پیکٹس بازار سے واپس منگوالیے گئے۔
پاسکو شکیشیما نامی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ان کی ڈبل روٹی کے 2 پیکٹس میں چوہے کی باقیات کیسے پہنچی؟پاسکو ایک مشہور برانڈ ہے جس کی بریڈ باآسانی کسی بھی اسٹور سے باآسانی مل جاتی ہے جبکہ کمپنی بہت سے ممالک میں بھی ڈبل روٹی ایکسپورٹ بھی کر رہی ہے۔
معروف بریڈ تیار کرنے والی جاپانی کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک ان کو کسی ایسے شخص کی جانب سے کوئی شکایت موصول نہیں جو ڈبل روٹی کھانے کے بعد بیمار پڑ گیا ہو۔
پاسکو شکیشیما نامی کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پریشانی کا باعث بننے پر صارفین سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں۔ ہم کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کو مؤثر بنائیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دوبارہ ایسا کبھی نہ ہو۔
کپنی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ جن افراد نے بریڈ خریدی وہ ان لوگوں کو پیسے واپس کر دے گی۔
گزشتہ برس بھی ایسا ہی ایک واقعہ جاپان میں پیش آیا تھا جب 7-الیون اسٹور نے چاول کے پیکٹ سے لال بیگ برآمد ہوئے تھے مگر کمپنی نے صارفین سے معذرت کا اظہار کیا تھا اور پھر پیکٹس واپس منگوالیے تھے۔