Aaj Logo

شائع 11 مئ 2024 03:59pm

پاکستان کے ایٹم بم کا جھٹکا مودی کو بھی لگ گیا، ’کانگریس والے ڈراتے ہیں۔‘

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی آج کل انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں سے خطاب کے دوران پاکستان کو خاص طور پر نشانہ بنارہے ہیں۔ گزشتہ روز سابق حکمراں جماعت کانگریس کے لیڈر اور معروف دانشور منی شنکر ایر نے کہا تھا کہ پاکستان کا احترام کیا جائے ورنہ وہ ایٹم بم مار دے گا۔ اس بیان نے نریندر مودی کو مشتعل کردیا ہے۔

مشرقی ریاست اُڑیسہ کے شہر کاندھمل میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا کہ کانگریس والوں کے پاس کہنے کو اب کچھ نہیں ہے تو پاکستان کے ایٹم بموں سے ڈرا رہے ہیں۔ پاکستانی معیشت کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی اپنے ایٹم بم فروخت اس لیے نہیں کرسکا کہ اُن کا معیار پست ہے۔

نریندرمودی کا کہنا تھا کہ کانگریس والے ہمت ہار بیٹھے ہیں۔ یہ گِرے پڑے لوگ اب دیش کے من (ذہن اور عزم) کو بھی مارنا چاہتے ہیں۔

منی شنکر ایر نے جمعہ کو وائرل ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان سے بات کی جائے، اس کا احترام کیا جائے۔ اگر بھارت نے پاکستان کو اپنی طاقت سے ڈرانے کی کوشش کی تو یاد رکھا جائے کہ پاکستان کے پاس ایٹم بم ہیں جو چلائے بھی جاسکتےہیں۔

’پاکستان پیپرز‘ سے شہرت پانے والے منی شنکر ایر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو پاکستان سے مذاکرات ہر صورت جاری رکھنے چاہئیں۔ سختی سے سہی مگر روابط برقرار رہنے چاہئیں، بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے منی شنکر ایر کے انٹرویو پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی بولی بول رہے ہیں، بھارت کے لوگوں کو پاکستان کا ہوّا دکھاکر ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Read Comments