اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں روٹی کی قیمت سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے جاری تمام تندوروں کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ روٹی کو زیادہ قیمت پر بیچنے والے گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا روٹی کی قیمت سے متعلق 26 اپریل کا نوٹیفکیشن برقرار رہے گا، نان بائی ایسوسی ایشن ضلعی انتظامیہ کے 26 اپریل کے نوٹیفکیشن کی پاسداری کرے۔
تحریری حکم نامہ کے مطابق 8 مئی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار کے مطابق انتظامیہ نے روٹی کی قیمت کا تعین کرتے ہوئے نان بائی ایسوسی ایشن سے مشاورت نہیں کی۔
حکم نامہ میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے روٹی کی قیمت کے تعین کیلئے نان بائی ایسوسی ایشن سے مشاورت پر رضا مندی ظاہر کی ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد آج ہفتے کے روز 12 بجے نان بائی ایسوسی ایشن کو اپنے دفتر مشاورت پر مدعو کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے اجلاس کی رپورٹ 3 روز میں عدالت میں جمع کرائی جائے۔