Aaj Logo

شائع 09 مئ 2024 07:54pm

9 مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی، شہداء کی یادگاروں اور حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے۔

جناح ہاؤس لاہور میں شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی خصوصی شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ مل کر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔

بچوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی جبکہ مریم نواز نے شہداء کے لواحقین اور بچوں سے ملاقات بھی کی۔

تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، گزشتہ سال 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا گیا، جن خواتین اور مرد حضرات نے یہ حملہ کیا وہ سزا کے مستحق ہیں۔

مظلوم بننے والے 9 مئی کے اصل لیڈروں کا اب احتساب ہوگا، آرمی چیف

مریم نواز نے کہا کہ جناح ہاؤس قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب ہے، ایک دہشت گرد جماعت نے پوری منصوبہ بندی سے جناح ہاؤس پر حملہ کیا، پاکستان سے محبت کرنے والا اس طرح کے سانحے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یقین ہوگیاکہ دہشت گردوں کے سینے میں دل نہیں ہوتا، ایسی حرکت کرنے والی سیاسی جماعت نہیں ہوسکتی، دہشت گرد جماعت نے منصوبہ بندی سے حملہ کیا، کہتے تھے ہم نے نہیں کیا، آج جھنڈے لگانے کا کیوں کہہ رہے ہیں؟ آج شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی، آنکھوں میں آنسو آگئے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی، ملوث عناصر سخت سزا کے مستحق ہیں، عدلیہ سے سوال ہے کہ شرپسند عناصر کو سزا کیوں نہیں دی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں اور حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے اور گھناؤنے عمل کے مرتکب لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ تعجب ہوتا ہے پی ٹی آئی والے کس ڈھٹائی سے 9 مئی کے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں، 9 مئی کے کرداروں کو سزا کیوں نہیں ملتی، پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے، ان سے کوئی بات نہیں ہوسکتی۔

9 مئی کو بغاوت، ملک و فوج میں تقسیم کی کوشش کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملے گی، وزیراعظم

ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو حملہ کرنے والوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ انہیں اس پر کبھی ندامت محسوس نہیں ہوئی، آج تک شہداء کے لواحقین سے معافی نہیں مانگی گئی، کہا جاتا ہے کہ سیاسی مظالم کیے جارہے ہیں، پی ٹی آئی والوں نے جو بویا تھا آج وہ ہی کاٹ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے ورثاء اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

Read Comments