پشاور ہائیکورٹ میں افغان فنکاروں اور خواجہ سراؤں کی زبردستی انخلاء کے خلاف دائر کیس پر سماعت ہوئی ، سماعت جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
افغان فنکاروں اور خواجہ سراؤں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ افغانستان میں افغان خواجہ سراء اور فنکاروں کی جان کو خطرہ ہے لہذا افغان خواجہ سرا اور فنکاروں کو زبردستی بے دخل نہ کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی ایسا کیس زیر سماعت ہے، آپ درخواست واپس لیکر سپریم کورٹ میں فریق بن جائیں کیونکہ سپریم کورٹ میں بھی ایسا کیس زیر سماعت ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ دونوں جگہ پر آپ کیوں کیس چلانا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایچ آر سی پی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، سپریم کورٹ اور ہماری درخواست میں مماثلت ہے کہ نہیں دیکھ کر بتاتے ہیں جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔