پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین محسن نقوی نے کوئٹہ میں نواب اکبر علی خان بگٹی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، انہوں نے 3 ماہ میں بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیڈیم کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیں۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور سابق نگراں وزیراعظم سینٹر انوارالحق کاکڑ کے ہمراہ کوئٹہ میں نواب اکبر علی خان بگٹی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور 3 ماہ میں بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کیا۔
محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات بھی دیں۔
نگراں دور میں گندم درآمد کے فیصلے کی مکمل ذمہ داری لیتا ہوں، انوار الحق کاکڑ
چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بگٹی سٹیڈیم میں سہولیات کو کم سے کم وقت میں بہتر کیا جائے گا، بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام کے لیے کرکٹ کے ٹورنامنٹس بھی کرائے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی منگل کو کوئٹہ کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان ہاؤس گئے جہاں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں بلوچستان کا بہت اہم کردار لہٰذا اس صوبے اور بلوچ بھائیوں کے لیے ہر طرح کے وسائل و خدمت کے لیے حاضر ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن عامہ کے لیے تعاون پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلی بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور اس موقعے پر گزشتہ روز قلعہ سیف اللہ میں منشیات کے کاروبار سے منسلک افراد سے سیکیورٹی اہلکاروں کی جھڑپ میں زخمی ہونے والے 6 جوانوں کی عیادت کی۔
محسن نقوی نے زخمی جوانوں کی خیریت دریافت کی اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جوانمردی کے ساتھ شرپسندوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا بھی کی۔
انہوں نے سی ایم ایچ میں زخمی جوانوں کے بہترین علاج معالجے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ اس موقعے پر وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی ان کے ہمراہ تھے۔