بھارت کے مشہور فلم ساز اور ہدایتکار کرن جوہر نے ایک کامیڈی شو میں اپنی نقل اتارے جانے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی کامیڈی شو ”میڈنیس مچائیں گے انڈیا کو ہنسائیں گے“ کا پرومو جاری کیا گیا جس میں کامیڈین کیتن سنگھ نے کرن جوہر کی نقل اُتاری۔
کیتن نے یہ پرومو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی جاری کیا اور کیپشن میں لکھا کہ ’اب ملے گا میڈنس کا سواد آن ٹافی ود چورن‘۔
اس پرومو کے وائرل ہونے کے بعد کرن جوہر نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری جاری کی جس میں انہوں نے ٹی وی شو میں ان کی نقل اتارنے والوں پر تنقید کی۔
انہوں نے اپنے طویل نوٹ میں لکھا کہ ’میں اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھا ٹی وی دیکھ رہا تھا اور اسی اثناء میں ایک رئیلیٹی کامیڈی شو کا پرومو دیکھا جو ایک قابلِ احترام چینل پر دکھایا جارہا تھا‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ایک اداکار بہت ہی بھونڈے انداز میں میری نقل اتار رہے تھے، میں ایسی حرکت کی امید ٹرولز اور ایسے لوگوں سے تو ضرور کرسکتا ہوں جن کی کوئی پہچان نہیں لیکن جب آپ کی خود کی انڈسٹری کے لوگ ایسے شخص کی تذلیل کریں جو اس بزنس میں گزشتہ 25 سالوں سے ہے تو معلوم چلتا ہے کہ ہم کس قسم کے دور میں جی رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس سب نے مجھے طیش نہیں دلایا بلکہ مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ پہنچا ہے‘۔