پی ٹی آئی کا شیر افضل مروت کی جگہ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے فیصلہ پر شیر افضل مروت کا ردعمل سامنے آگیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کو ان کے فیصلے سے آگاہ کروں گا، خان صاحب نے پی اے سی کے فیصلے کو سیاسی کمیٹی میں ریفر نہیں کیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے نہ ہی اب تک اپنا فیصلہ تبدیل کیا، نہ کمیٹی اجلاس سے آگاہ کیا نہ ایجنڈے میں ایسی کوئی چیز تھی۔
شیر افضل مروت نے ٹوئٹ کیا کہ کل عمران خان سے ملاقات میں اس فراڈ سے آگاہ کروں گا، پی ٹی آئی کو 3 افراد کو ہائی جیک کرنے نہیں دوں گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) بنانےکا فیصلہ کرلیا۔
دوسری جانب شیخ وقاص اکرم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چئیرمین پی اے سی کا معاملہ میرے علم میں نہیں، میں کسی نئے تنازع میں نہ خود پڑنا چاہتا ہوں نہ پارٹی کو ڈالنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ہو گا اس کی تعمیل کریں گے، شیر افضل کو کسی نے مسترد نہیں کیا وہ پارٹی کے اسٹار ہیں، بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ میرے اور مروت کیلئے قابل احترام ہوگا۔