فلم ساز کرن جوہر نے ایک بھارتی کامیڈی شو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انتہائی خراب انداز میں ان کی نقل کی ہے۔
انسٹا گرام پر جوہر کا کہنا تھا کہ وہ ایک معروف ٹی وی چینل پر کی گئی حرکت پر ناراض نہیں بلکہ افسردہ ہیں جس نے ان کے مطابق ان کی ناقص انداز میں نقل کی۔
شو یا اداکار کا نام بتائے بغیر انہوں نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ ٹیلی وژن دیکھ رہے تھے کہ اچانک ایک قابل احترام چینل کے ایک رئیلٹی شو کا پروموآگیا، جس میں ان کی بہت خراب انداز میں نقل اتاری گئی۔
انہوں نے مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹرولز اور بے نام لوگوں سے اس کی توقع کرتا ہوں، لیکن جب آپ کی اپنی انڈسٹری کسی ایسے شخص کی بے عزتی کر سکتی ہے جو 25 سال سے زیادہ عرصے سے اس فیلڈ میں ہے تو دکھ ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے فوری طور پر اس کامیڈین کے نام کا اندازہ لگانا شروع کردیا جس نے کرن جوہر کے مطابق ان کی توہین کی۔
تاہم کامیڈین کیتن سنگھ نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے بیان میں معافی مانگ لی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں نے جو بھی نقالی کی ہے ،وہ اس لیے ہے کہ میں کافی شو میں کرن جوہر کو بہت زیادہ دیکھتا ہوں۔ میں ان کے کام کا مداح ہوں۔ اگر میرےایکشن سے انہیں تکلیف پہنچی ہے، تو میں ان سے معافی مانگنا چاہوں گا۔
سنگھ نے کہا کہ فلم ساز کو نقصان پہنچانا ان کا ارادہ نہیں تھا، بلکہ وہ صرف ناظرین کو تفریح فراہم کرنا چاہتے تھے۔
ید رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارت کے کامیڈی شو ”میڈنیس مچائیں گے۔ انڈیا کو ہنسائیں گے“ کا پرومو وائرل ہوا جس میں کامیڈین کیتن سنگھ نے فلمساز کرن جوہر کی نقل اُتاری تھی۔
اس کامیڈی شو میں بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی بھی موجود تھیں، جو کرن جوہر کی نقل اُتارنے پر کامیڈین کیتن سنگھ کو شاباشی دے رہی تھیں۔