Aaj Logo

شائع 03 مئ 2024 07:35pm

قومی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقا کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے رواں برس دورہ جنوبی افریقا کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی جہاں قومی ٹیم پروٹیز کے خلاف 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔

سیریز کا آغاز ٹی 20 فارمیٹ سے ہوگا، ٹی ٹوئنٹی میچز 10 سے 14 دسمبر تک ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل 17 سے 22 دسمبر تک پارل، کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ میں ہوں گے۔

2 ٹیسٹ میچز جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2025 ​​کا حصہ ہیں، 26 سے 30 دسمبر کو سنچورین میں اور 3 سے 7 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں شیڈول ہیں۔

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے 18 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، کون باہر ہوا اور کس کو موقع ملا؟

قومی ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن کے لیے روانہ ہوگی۔ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو 4 سے 18 نومبر تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

8 جنوری کو اپنا افریقن ٹور مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ میں 3 ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کا مقابلہ کرے گی جس کے بعد پاکستان میں 8 ٹیموں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ہوگی۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دوروں سے قبل پاکستان، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب 2 اور 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا اس کا مطلب ہے کہ وہ اگست 2024 سے جنوری 2025 تک 6 ماہ کے عرصے میں 7 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 6 ٹی20 میچز کھیلے گا۔

یہ پاکستان کا 1994-95 کے بعد جنوبی افریقہ کا ساتواں ٹیسٹ دورہ ہوگا، پاکستان نے وہاں 2 ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ ڈربن میں 1997-98 میں اس نے 29 رنز سے جیتا تھا۔ دوسری مرتبہ ٹیسٹ جنوری 2007 میں سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ میں جیتا تھا جس میں انضمام الحق پہلی اننگز میں 92 رنز ناٹ آؤٹ بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے آخری 3 میں سے 2 سیریز 2013-14 اور 2020-21 میں جیتی ہیں جبکہ جنوبی افریقا نے 2002-03 (4-1)، 2006-07 (3-1)، 2012-13 (3-2) اور 2018-19 (3-2) میں کامیابی حاصل کی تھی۔

مکمل شیڈول:

10 دسمبر –پہلا ٹی ٹوئنٹی، ڈربن

13 دسمبر - دوسرا ٹی ٹوئنٹی، سنچورین

14 دسمبر - تیسرا ٹی ٹوئنٹی، جوہانسبرگ

17 دسمبر - پہلا ون ڈے، پارل

19 دسمبر - دوسرا ون ڈے، کیپ ٹاؤن

22 دسمبر - تیسرا ون ڈے، جوہانسبرگ

26-30 دسمبر - پہلا ٹیسٹ، سنچورین

3-7 جنوری - دوسرا ٹیسٹ، کیپ ٹاؤن

دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے بھی قومی اسکواڈ کا اعلان

علاوہ ازیں دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے بھی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔

بابر اعظم کی قیادت میں شاداب خان، فخر زمان، محمد رضوان، شاہین آفریدی، افتخار احمد اور عماد وسیم اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، عثمان خان، اعظم خان، عرفان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، آغا سلمان شامل ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے اُسامہ میر اور زمان خان کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ غیر معمولی ٹیلنٹ کی دستیابی کی وجہ سے ٹیم کا انتخاب آسان نہیں تھا۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم 7 مئی کو غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گی۔ آئرلینڈ کے خلاف قومی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 10 مئی، دوسرا 12 مئی اور تیسرا میچ 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے گی۔

آئر لینڈ سے سیریز مکمل کرنے کے بعد 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی۔

Read Comments