آڈیو لیکس کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی بی کی بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج کر دی، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے، عدالتی آرڈر میں ڈی جی آئی بی کو نوٹس کیا ہے، کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
آڈیو لیکس کیس میں انٹیلیجنس بیورو کی اعتراض کی درخواست واپس لینے کے معاملے کی سماعت جسٹس بابرستار نے کی۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ آئی بی ، آڈیولیکس میں بینچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتی ہے، جس پر جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ آپ کی اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے۔ آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا۔
جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ، آرڈر میں یہ بھی پوچھا گیا کہ کس نے درخواست دائر کرنے کی اتھارٹی دی تھی، جواب دینا ہے وہ آرڈر آنے کے بعد دے دیجئے گا۔
یاد رہے کہ آئی بی سمیت چار اداروں نے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کرتے ہوئے کیس سے الگ ہونے استدعا کی تھی۔ گزشتہ سماعت پرعدالت نے پیمرا، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی درخواستیں پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانوں کیساتھ خارج کی تھیں۔