سعودیہ عرب کے بعد دبئی میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ شدید بارشوں نے دبئی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔
دبئی پولیس کی جانب سے پبلک سیفٹی الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے، پولیس نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دبئی کی اہم شاہراہوں پر بارش کے پانی کے نکاس کیلئے متعدد ٹینکرز اور موٹرز نصب کی گئی ہیں جبکہ پانی کے ساتھ مٹی اور ریت کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پولی تھین بیگز سے خصوصی روکاٹیں بنائی گئی ہیں۔
دبئی اور ابوظبی میں تیز طوفانی بارشوں کے باعث تعلیمی اداروں کو 2 دن آن لائن کلاسز لینے اور نجی دفاتر میں ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کردی گئی ہے جبکہ بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
عجمان پولیس نے شدید بارشوں سے نمٹنے اور عوام کو مدد فراہم کرنے کے لیے مختلف داخلی اور خارجی سڑکوں پر اپنی نفری بڑھا دی ہے۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ابوظہبی، شارجہ، عجمان اور دیگر امارات کے لیے انٹرسٹی بس سروس معطل کر دی ہے۔
دوسری جانب شدید بارشوں نے فلائٹ آپریشن کو بھی متاثر کیا ہے، ائیرپورٹ حکام کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث 5 فلائٹس کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ 13 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ دبئی ایئرپورٹ کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو فلائٹس کی مکمل معلومات لینے کے بعد ایئرپورٹ آنے کی ہدایات کی ہے۔ جبکہ مسافروں کومیڑو کے زریعے ٹرمینل 1 اور ٹرمینل 3 پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
جبکہ قومی ائیرلائن ”پی آئی اے“ متحدہ عرب امارات جانے اور وہاں سے واپس آنے والے مسافروں کیلئے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث دبئی اور شارجہ کیلئے فضائی آپریشن شدید متاثر ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دبئی اور شارجہ کیلئے پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنز کا فضائی آپریشن تاحکم ثانی معطل رہے گا۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی کچھ پروازوں کو تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے، صورتِ حال بہتر ہونے پر فضائی آپریشن فوری شروع ہوگا۔
یاد رہے کہ اپریل میں بھی دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں سے زندگی بری طرح متاثر ہوئی تھی۔