کورین آٹو مینوفیکچرر ”کِیا“ (KIA) نے اپنی ایک گاڑی کی قیمت میں 15 لاکھ روپے سے زائد کمی کا اعلان کرنے کے بعد اس کی بکنگ ہی بند کردی ہے۔
کِیا کی مقامی نمائندہ کمپنی لکی موٹر کارپوریشن کی جانب سے 29 اپریل کو ”کِیا اسٹونک“ کی قیمت میں اچانک 15 لاکھ 13 ہزار روپے کمی کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد شوروم جا پہنچی۔
تاہم، یکم مئی کی رات لکی موٹرز کارپوریشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اسٹونک کی مزید بکنگ فی الحال بند کردی گئی ہے۔
کمپنی نے اس کی وجہ اپنے اعلامیے میں بیان کرتے ہوئے لکھا کہ بڑی تعداد میں بکنگ کے باعث کمپنی مذکورہ گاڑی کی ستمبر 2024 تک ڈیلیوری کی پابند ہوچکی ہے۔
اعلامیے کے مطابق رواں برس ستمبر تک اسٹونک کی ڈیلیوری کے لیے کمپنی بکنگ مکمل کرچکی ہے، اور بکنگ کی ترتیب کے حساب سے رواں ماہ یعنی مئی سے اسٹونک کی فراہمی کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ستمبر میں ڈیلیوری کے لیے کی گئیں تمام بکنگ 23 لاکھ 50 ہزار روپے کی جزوی ادائیگی کے بعد قبول کی جائیں گی، مارکیٹ کے ردعمل اور اپنے اسٹاک کی پوزیشن دیکھتے ہوئے اکتوبر کے لیے مزید آرڈر کا جلد آغاز کیا جائے گا، جس کے بارے میں علیحدہ سے مطلع کردیا جائے گا‘۔
اعلامیے کے مطابق ’کمپنی نے اپنے معزز صارفین کے فائدے کی خاطر ستمبر میں ڈیلیوری کے لیے کی گئی تمام بکنگ، جن کی جزوی یا مکمل ادائیگی کی جاچکی ہے، پرائس لاک نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاہم اس ضمن میں وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسی بھی اضافی ٹیکس کے نفاذ کی صورت میں صارفین کو یہ بوجھ اٹھانا ہوگا‘۔