Aaj Logo

شائع 01 مئ 2024 08:22pm

پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں پھر تلخیاں پیدا ہوگئیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پر ترجمان جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کا رد عمل سامنے آگیا۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ اسمبلی فلور پر جے یو آئی کے اصولی اور جمہوری مؤقف سے پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کے رہنما غلط فہمی کا شکار ہو گئے ہیں، جے یو آئی نے سیاست میں ہمیشہ جمہوری اور اصولی مؤقف اپنایا ہے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اپنے اندرونی معاملات میں ہمیں نہ گھسیٹیں، پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے سے قبل ہمارے تحفظات کو دور کرنا ضروری ہو گا۔

اسلم غوری نے مزید کہا کہ ہم اپنی تحریک شروع کر چکے ہیں انتظار کرنے کے عادی نہیں ہیں، کل سندھ کی عوام عوامی اسمبلی کراچی میں فروری کے انتخابات کو بھاری اکثریت سے مسترد کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان کو ہدف بنا ڈالا

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ مولانا فضل الرحمان سچ بول رہے ہیں، ان کے دل میں اور بھی راز ہے، کھل کر آئے مزید بھی باتیں کلئیر کردیں۔

مزید پڑھیں: علی امین گنڈا پور کا نامعلوم مقام سے مولانا فضل الرحمان کے نام آڈیو پیغام

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ مولانا نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں نے گرائی، مولانا اگر حق اور سچ کے راستے پر آئے ہیں تو ہم ویلکم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مینڈیٹ تو چوری نہیں ہوا، مینڈیٹ تو ہمارا چوری ہوا پھر بھی میں ہر حلقہ کھولنے کو تیار ہیں، مولانا تو ڈیل کرتے ہیں، ان سے سوال کریں جس نے مینڈیٹ چوری کیا۔

Read Comments