سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے تحریک انصاف نہیں چھوڑی، واپسی تو وہاں ہوتی ہے جہاں سے بندہ چھوڑ کر جاتا ہے۔ دوسری طرف شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں واپسی سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتی،فی الحال سیاست چھوڑ چکی ہوں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والے واپس آتے ہیں، باری آئی تو اپنی کہانی سنائیں گے ابھی تو ان لوگوں کی کہانی سامنے آئی ہے جنہیں کہانی بیان کرنےکی اجازت ہے۔
انھوں نے کہا کہ تلخیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں ہے، یہ فارم 47 پر کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو مولانا فضل الرحمان سمیت سب سے بات کرنی چاہیے، پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو حکومت ، تین چار ماہ چلے گی۔
دوسری طرف شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں واپسی سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتی، فی الحال سیاست چھوڑ چکی ہوں۔
انھوں نے کہا کہ لگتا ہے صرف تحریک انصاف والے ہی دہشت گرد ہیں، اے ٹی سی میں کوئی اور دہشت گرد نظر نہیں آرہا، حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں ہے۔