خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں نے تباہی بچا دی ہے، جہاں ندی نالوں میں طغیانی ہے، کئی جانیں جاچکی ہیں اور کئی سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک ہوگئی ہیں۔
ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شاہراہ ریشم تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہے، نتھیاگلی بکوٹ روڈ اور نمبل مولیا روڈ لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے باعث بند ہوگئے ہیں، جس کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔
گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اہلکار سڑک کھولنے میں مصروف ہیں۔
سرکل بکوٹ کےعوام کا شہر سے رابطہ کٹ گیا ہے۔
ایبٹ آباد کے علاوہ ہزارہ ڈویژن میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، درجنوں مکانات منہدم ہوگئے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم سمیت کئی روڈ بلاک ہوگئے۔
ہزاری ڈویژن میں مکان گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
کراچی کا درجہ حرارت 37 ڈگری تک جا پہنچا، مزید بڑھنے کا امکان
دوسری جانب باغ شہراور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ بھی ہوگیا ہےباغ کے علاقے ریڑھ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک مکان تباہ ہوگیا جبکہ مہاجر کالونی میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
باغ میں بھی لینڈسلائیڈنگ سے متعدد سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نالوں کے کنارے آباد مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی اور شہریوں کو غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
آزاد کشمیر میں رین روز سے بارش جاری ہے جبکہ مزید دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے علاقے چلاس، کوہستان، پانی باہ اور دوگاہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بلاک ہوگئی ہے، جس کے باعث گلگت بلتستان آنے جانے والے تمام مسافر پھنس گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارش اور اندھیرے کے باعث بحالی کا کام تاخیر کا شکار ہے، صبح سویرے بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔