پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کے پارلیمانی سفر کے 87 سال مکمل ہونے پر پیغام جاری کیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے، سندھ کی قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس 27 اپریل 1937 میں ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورے پاکستان کے عوام اور ان کے جمہوری اداروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، قیام پاکستان سے قبل بھی ہمارے آباؤ اجداد نے جمہوری جدوجہد جاری رکھی ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی سندھ اسمبلی کے قیام میں سر شاہنواز بھٹو کا کلیدی کردار تھا، ایک سازش کے تحت سر شاہنواز بھٹو کو پہلی اسمبلی سے باہر رکھا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سازش کے باوجود سر شاہنواز بھٹو اور سر عبداللہ ہارون کی جماعت نے سندھ اسمبلی میں اکثریت حاصل کرلی تھی، اکثریت حاصل کرنے کے باوجود گورنر نے سر شاہنواز بھٹو کی جماعت کو حکومت بنانے کی دعوت نہیں دی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تمام تر سازشوں اور ناانصافیوں کے باوجود ہمارے بڑوں نے جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے کام جاری رکھا، پیپلز پارٹی کی تاریخ قیام پاکستان سے قبل سے آج تک جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کی جدوجہد سے بھری پڑی ہے۔