Aaj Logo

شائع 25 اپريل 2024 11:05pm

چوتھا ٹی20: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو 4 رنز سے شکست

چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کی۔ کیویز کے 179 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز ہی بناسکی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹام بلنڈل اور ٹم رابنسن نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں 56 رنز بنائے لیکن اسی اسکور پر زمان خان نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنانے والے ٹام بلنڈل کو چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے ٹم رابنسن نے بہترین کھیل پیش کیا اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں 93 رنز بنا لیے تھے لیکن 11ویں اوور میں 94 کے اسکور پر عباس آفریدی نے رابنسن کی 2 چھکوں اور 4 چوکوں سے سجی 51 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 128 کے مجموعی اسکور پر گری جب تیسرے میچ کے ہیرو مارک چیپ مین محض 8 رنز بنانے کے عبد افتخار احمد کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 132 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈین فاکس کرافٹ 34 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ 169 کے مجموعی اسکور پر گری جب مائیکل بریس ویل 27 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 169 کے مجموعی اسکور پر گری جب جوش کلارکسن کو عباس آفریدی نے صفر پر بولڈ کر دیا، ساتویں وکٹ 178 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایش سودھی 5 رنز پر محمد عامر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، جیمز نیشام نے 11 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ عباس آفریدی نے کی، انہوں نے 3 اوورز میں 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح نیوزی لینڈ نے مقرر 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی اننگز

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور دوسرے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

صائم ایوب ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 40 کے مجموعی اسکور پر 20 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ عثمان بھی صرف 16 رنز ہی بنا سکے۔

46 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے شاداب خان آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن 8 رنز بنانے والے شاداب بریسویل کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے فخر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور افتخار کے ہمراہ 59 رنز کی ساجھے داری بنا کر اسکور کو 138 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر میچ پاکستان کی گرفت میں نظر آ رہا تھا لیکن 23 رنز بنانے والے افتخار کے بعد 61 رنز کی باری کھیلنے والے فخر کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے سے میچ کا پانسہ یکدم نیوزی لینڈ کے حق میں پلٹ گیا۔

اختتامی اوورز میں عماد وسیم نے 11 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کاوش بھی رائیگاں گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم او رورکے نے 3 وکٹیں لیں جبکہ بین سیئرس نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور جمی نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی اور یوں نیوزی لینڈ نے میچ میں 4 رنز سے فتح اپنے نام کرتے ہوئے سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی۔

فخز زمان نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے، اس کے علاوہ افتخار احمد 23 ، صائم ایوب 20 اور عثمان خان نے 16 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم او رورکے نے 3 وکٹیں لیں۔ بین سیئرس نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور جمی نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کا ٹاس

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ ڈیو فیکٹر کی وجہ سے بولنگ کا فیصلہ کیا

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے 2 پلیئرز انجرڈ ہیں، اس میچ کے لیے 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد عامر ، عماد وسیم ، فخر زمان اور زمان خان پلیئنگ الیون میں شامل کیے گئے ہیں۔

کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ محمد رضوان اور عرفان خان ان فٹ ہیں جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو ریسٹ دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں لیکن مجھے نام یاد نہیں۔

پاکستان ٹیم میں تبدیلیاں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد رضوان اور محمد عرفان خان نیازی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد پاکستان نے اپنی پلیئنگ الیون میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔

زخمی عرفان نیازی کی جگہ عماد وسیم ، ابرار احمد کی جگہ اسامہ میر جبکہ رضوان کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تیسرے ٹی 20 میں باہر بیٹھنے والے محمد عامر اور زمان خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

پاکستان پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد عامر اور زمان خان شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون

نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون میں ٹی اے بلنڈل (وکٹ کیپر)، ٹی بی رابنسن، ڈی فاکس کرافٹ، ایم ایس چیپمین، جے ڈی ایس نیشم، مائیکل بریسویل (کپتان)، جے اے کلارکسن، ایش سودھی، جے اے ڈفی، بی وی سیئرز، ڈبلیو او رورکے شامل ہیں۔

واضح رہے پاک نیوزی ٹی20 سیریز 1-1 سے برابر ہے جبکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے زیر کیا اور تیسرے میچ میں مہمان ٹیم نے بھی اسی مارجن سے کامیابی سمیٹی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ بھی لاہور میں 27 اپریل کو شیڈول ہے۔

Read Comments