Aaj Logo

شائع 23 اپريل 2024 03:19pm

آئی ایم ایف پاکستان کیلئے قسط کی منظوری کب دے گا، تاریخ آگئی

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 29 اپریل کو ہوگا جس میں پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے (ایس بی اے) کے آخری جائزے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

پاکستان کے ایک انگریزی اخبار نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ایونٹ کیلنڈر کے مطابق جائزہ اجلاس 29 اپریل کو صبح 10 بجے ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا 29 اپریل تک کا شیڈول جاری کیا گیا تھا، جس میں پاکستان کا اقتصادی جائزہ شامل نہیں تھا۔ تاہم انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام دونوں کے سابقہ بیانات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ بورڈ کا اجلاس نہ صرف 29 اپریل کو ہوگا بلکہ وہ جون 2023 میں دستخط شدہ ایس بی اے کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی حتمی قسط کے اجراء کی بھی منظوری دے گا۔

خیال رہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی آج اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ آئی ایم ایف رواں ماہ کے آخر میں قرض کی قسط جاری کرسکتا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے علاوہ کسی پلان بی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔

Read Comments