Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2024 02:40pm

اگلا ہدف ورلڈ ٹائٹل جیتنا ہے، بھارتی حریف کو شکست دینے والے فائٹر شاہ زیب کا عزم

کراٹے کمبیٹ کے عالمی چمپئن شا زیب رند کامیابیاں سمیٹنے کے بعد دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے۔ بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے والے شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ اگلا ہدف ورلڈ ٹائٹل جیتنا ہے، دبئی میں سلمان خان ںے بھی حوصلہ افرائی کی۔

کوئٹہ پہنچنے پر ایئر پورٹ پر محکمہ کھیل وثقافت کے افسران اور کھلاڑیوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہ زیب رند نے کہا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ حکومت ہمیں سپورٹ نہیں کرتی، پاکستان کی نمائندگی بڑی بات ہے میں بہت خوش ہوں۔

انھوں نے کہا کہ خود پر بھروسہ کریں گے تو سب ممکن ہے، حکومت کو ہمارے رول ماڈلز کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ دنیا میں اس وقت دوسری پوزیشن پر ہوں نمبر ون ٹارگٹ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں دبئی میں کراٹے کے مقابلے کے دوران پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند نے بھارتی مخالف کھلاڑی کو شکست دی ہے۔

کراٹے کے میدان میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے والے شاہ زیب رند کو بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے مبارکباد دی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

واضح رہے کہ پاکستانی پرچم کو دنیا میں بلند کرنے والے کوئٹہ کے ناقابل شکست کھلاڑی شاہ رند گزشتہ اٹھ سالوں سے کراٹے کم بیٹ بیرون اور اندرون ملک ہونے والے تمام مقابلے سبز ہلالی پرچم کے نام کر چکے ہیں اور مسلسل جیت رہے ہیں۔

Read Comments