سندھ حکومت کی جانب سے پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس کا افتتاح کردیا گیا، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے خواتین کے لیے 2 ماہ تک پنک بس سروس مفت کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے تحت خواتین کے لیے مخصوص پنک بسوں کے نئے فلیٹ کی شمولیت سے متعلق تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور،صوبائی وزراء شرجیل میمن،ناصر شاہ اور میئر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔
سندھ حکومت کی جانب سے پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس کا افتتاح کردیا گیا جبکہ نئے روٹس کے افتتاحی تقریب فریئر ہال کراچی میں منعقد ہوئی۔
صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی خواہش پر سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے خواتین کیلئے دوماہ تک پنک بس سروس مفت کرنے کا اعلان کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پنک بس سروس کی پذیرائی پوری دنیا سے ہوئی، غیرملکی میڈیا نے پاکستان آکر کوریج کی، ہم نے پہلی بار خواتین کے لیے بس سروس شروع کی، خواتین کم سے کم کرایہ دے کر ایئر کنڈیشنز بسز میں سفر کرسکتی ہیں۔
کراچی میں عید کے بعد پنک بس سروس کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا، شرجیل میمن
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں خواتین کے لیے ایسا ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں، میرپور خاص میں بھی پیپلزبس سروس شروع کی، تمام بسز میں خواتین کے لیے جگہ مخصوص ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پنک بس میں صرف خواتین ہی سفر کرسکتی ہیں، خواتین کو ڈرائیونگ کا موقع بھی دیا جائے گا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا کہ پنک بس سروس سے خواتین کو بہت سہولت ہے، عام بسز میں خواتین کا مخصوص حصہ بہت چھوٹا ہوتا ہے، رش کے باعث خواتین کو سفر میں مشکلات ہوتی ہیں۔
فریال تالپور نے کہا کہ تھرپارکر میں خواتین ٹرک ڈرائیورز ہیں، خواتین اور مرد سب کام کریں گے تو معاشی بہتری آئے گی، عوام کو باعزت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔
خواتین کے لیے مفت بس سروس کا آغاز
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پیپلز بس سروس میں کرایہ 50 روپے ہے، میں چاہتی ہوں کہ خواتین کے لیے کرایہ نہ ہو۔
تقریب میں نئی پنک بسسز کی رہنمائی اورخواتین ڈرائیورز میں ڈرائیونگ لائسنس بھی تقسیم کیے گئے۔