کراچی میں عظیم الشان 29 ویں ”ساکنان شہر قائد“ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جہاں ملکی اور غیر ملکی شعرا نے اپنے کلام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
سلیقے سے ہواؤں میں خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
تہذیب کے روشن چراغ، زبان سے محبت کا اظہار، ساکنان شہر قائد کے تحت 29 ویں عالمی مشاعرے کا اہتمام ہوا جہاں پنڈال کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔
سامعین کیلئے فرشی نشستوں کے ساتھ کرسیاں بھی رکھی گئیں، جبکہ ایکسپو سینٹر کراچی میں اہل ذوق نے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کرکے محفل کو رونق بخشی۔
دوران مشاعرہ ممتاز شاعر سحر انصاری، افتخارعارف، پیرزادہ قاسم، انورشعور، عباس تابش، وصی شاہ، رحمان فارس، ناصرہ زبیری سمیت امریکا، جرمنی، انڈیا اور یواےای سے آئے معروف شعراء نے بھی اپنا کلام پیش کیا۔
عالمی مشاعرے میں گورنر سندھ ، میئرکراچی، کمشنرکراچی ، ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سمیت ممتاز سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
مشاعرے میں شریک ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ادبی محافل سے کراچی کے شہریوں کو کچھ خوشی کے لمحات میسر ہوتے ہیں۔
جبکہ ناصرہ زبیری نے کہا کہ ساکنان شہر قائد کا مشاعرہ کراچی کی پہچان ہے۔ اس طرح کی محافل شہریوں اور ادب سے محبت کرنے والوں کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ امید ہے 29 سال سے جاری یہ روایت ہمارے نوجوان شعرا مزید آگے لے کر جائیں گے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہزار سے زائد شہریوں نے مشاعرے میں شرکت کی انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
جبکہ منتظمین کا کہنا تھا کہ محفل شعروسخن میں اہل ذوق کی شرکت اس بات کی نوید ہے کہ ادبی میدان کی سرزمین اسی طرح سیراب رہے گی۔