لاہور کے حلقے پی پی 164 میں ضمنی انتخابات کے موقع پر پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی شبیر گجر کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق شبیر گجر کو کوہلو پولیس اسٹیشن میں منتقل کردیا گیا، پولیس شبیر گجر کو ویلنشیا ٹاؤن سے گرفتار کر کے روانہ ہوگئی، شبیر گجر کی گرفتاری کی وجہ سامنے نہ آ سکی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف شبیر گجر کو حفاظتی طور پر پولیس نے تحویل میں لیا۔
دوسری جانب چوہدری شبیر گجر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی کے خلاف کوئی مقدمہ ہے اور نہ ہی کوئی لڑائی جھگڑا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ شبیر گجر پی پی 164 سے سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ امیدوار یوسف میو کے ووٹوں کے ساتھ پولنگ اسٹیشن گئے تھے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا1 حلقہ شامل ہے۔
صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے ان میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔
پی پی149 : پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹوں سے پہلے ہی فارم 45 پردستخط کرا لیے
پی بی 50 قلعہ عبداللہ: پشتونخوا میپ کے امیدوار کا 5 پولنگ اسٹیشنز کےعملے کے اغواء کا الزام
ضمنی انتخاب: مختلف پولنگ اسٹیشنز پر جھگڑے، لیگی کارکن جاںبحق