کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابان بخاری پر منچلوں نے جدید خطور پر بنائے گئے نئے روڈ اور چوراہے پر ڈرفٹنگ کرکے اور ڈونٹس بنا کر ساری خوبصورتی برباد کردی۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے ڈیفنس فیز 6 میں واقع بخاری کمرشل سے لےکر خیابان مسلم تک سڑک کی مرمت کی گئی جس میں عالمی معیار کے نئے سگنل، زیبرا کراسنگ اور سڑک کی مرمت وغیرہ شامل ہیں۔
کار ڈرفٹنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک گاڑی کو ڈرفٹنگ کرتے سڑک پر ڈونٹس بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے اس عمل پر مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے، پولیس کے مطابق خیابان بخاری پر ڈرفٹنگ میں ڈاکٹر سمیت دو افراد ملوث پائے گئے ہیں، ڈرفٹنگ میں ملوث ڈاکٹر کو شامل تفتیش کر لیا ہے جبکہ دوسرے شخص کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنائی جانے والی سڑک عوام کے ٹیکس کی رقم سے بنائی گئی، کسی بھی شہری کی جانب سے سرکاری املاک کو اس طرح سے نقصان پہنچانا مجرمانہ فعل ہے، کنٹونمنٹ بورڈ اس حوالے سے واضح ایس او پیز نافذ کرے گا۔