پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ملک میں دو قانون نافذ ہیں، عدالتوں سے ریلیف نہیں مل رہا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس کمرے میں ملاقات ہوئی وہاں شیشے لگے ہوئے تھے، شیشے والے کمرے میں ملاقات قانون کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل کو توہین عدالت کی درخواست دینے کا کہا ہے، ہمارے گھروں میں بغیر وارنٹ چھاپے مارے گئے، کئی کئی لوگ ہمارے گھروں میں داخل ہوئے تھے، ہمارے حقوق متاثر ہونے پر آئی جی نے معذرت تک نہیں کی، ہماری درخواستیں سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری پٹیشنز کو دیکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے شیشہ لگاکر ملاقات کرائی گئی، شیشے کے کمرے میں ملاقات کرانا خلاف قانون ہے، ایک ملک میں دو قانون نافذ ہیں، ہمیں عدالتوں سے ریلیف نہیں مل رہا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پنجاب بھر میں جلسے کرنے جا رہے ہیں، ان جلسوں میں عمر ایوب کے ہمراہ میں اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔
اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ آج عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، ملاقات کے دوران کمرے میں شیشے لگائے گئے، ٹیبل پر بلب لگایا تھا جس کے ذریعے بات چیت ریکارڈ کی گئی، جیل حکام آج بھی ملاقات کے دوران بیٹھے تھے۔