سعودی عریبین فٹ بال فیڈریشن (SAFF) نے ایک تماشائی کی جانب سے میچ ہارنے کے بعد فٹبالر کو کوڑے مارنے کے واقعے پر مداحوں کے لیے ضابطہ اخلاق کا از سر نو جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے سعودی سپر کپ میں الاتحاد اور الہلال کے درمیان میچ کے دوران فوٹیج سامنے آئی کہ ایک مداح نے الاتحاد کے اسٹرائیکر عبدالرزاق حمداللہ کو بحث کے بعد کوڑے مارے۔
حمداللہ کے 21ویں منٹ میں گول کرنے کے باوجود ان کی ٹیم کو 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس ہار کے بعد فیلڈ کے قریب کھڑے ایک مشتعل شخص نے اتحاد کے کھلاڑی کو کوڑے مارنا شروع کر دیے تھے۔
بظاہر فٹبالر عبدالرزاق حمد اللہ نے ایک فین پر پانی پھینکا تھا۔ اس کے بعد فین نے مشتعل ہو کر کھلاڑی پر کوڑے سے ضربیں لگائیں۔
ساف اور سعودی عرب کی فٹ بال پلیئرز ایسوسی ایشن نے اس واقعے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے میچز میں شرکت کرنے والے ہر شخص کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر زور دیا۔
سعودی عرب کا مقصد خود کو عالمی فٹ بال میں نمایاں کرنا ہے، وہ 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کا واحد امیدوار ہے اور اس نے کرسٹیانو رونالڈو، نیمار، اور کریم بینزیما جیسے نامور کھلاڑیوں کو منافع بخش تنخواہوں کے ساتھ سعودی پرو لیگ کی طرف راغب کیا ہے۔