سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جس میں مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم کیا گیا۔ سعودی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں سعودی وفد کا دورہ پاکستان جاری ہے۔
وفد نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقاتوں میں مضبوط شراکت داری کے قیام اور مزید اقتصادی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔
آصف علی زرداری نے دیرینہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتے ہیں دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچا تو وزیراعظم شہبازشریف نے خود خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اوربرادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔
شہبازشریف نے دورہ کو اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔
سعودی وزیرِخارجہ نے دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے فوری اور غیرمشروط جنگ بندی اورغزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر بھی زور دیا۔