عالمی سطح پر قیمتوں میں تبدیلی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس میں اضافے کے منصوبے کے پیش نظر 16 اپریل سے پیٹرول کی قیمت 300 روپے کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔
خبریں گرم ہیں کہ کہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا جس کےبعد پیٹرول کی قیمت 298 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ پیٹرول کی موجودہ قیمت 289.40 روپے فی لیٹر ہے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ڈھائی روپے سے 2 روپے 80 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 سے ساڑھے آٹھ روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔
غیر سرکاری رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کو 60 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی لیٹر کرنے پر غور کر رہی ہے جبکہ موجودہ لیوی پہلے ہی زیادہ سے زیادہ 60 روپے فی لیٹر کی حد پر ہے۔ لیکن فوری طور پر اس ضمن میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
حکومت کی جانب سے آج 15 اپریل کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔
امپورٹ پریمیم میں کمی اور شرحِ مبادلہ میں آنے والی بہتری کے باوجود مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے اثرات پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ہوں گے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں دو ہفتوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 4 اور ساڑھے چار ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ اسرائیل پر ایران کے حملے سے پہلے کا ہے۔ اب صورتِ حال بدل چکی ہے۔
پندرہ دنوں کے دوران پیٹرول پر امپورٹ پریمیم 21 فیصد (10 ڈالر 70 سینٹ) فی بیرل تک کمی آئی ہے۔ مارچ کے آخری دنوں میں یہ تناسب 13 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل تھا۔ اس دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 40 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اب ایک ڈالر 278 روپے 20 پیسے کا ہے۔
عالمی منڈی میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی بڑھی ہے اور پاکستان اسٹیٹ آئل کی طرف سے اس پر ادا کیا جانے والا امپورٹ پریمیم تبدیل ہوئے بغیر 6 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل رہا ہے۔
شرحِ مبادلہ کی ایڈجسٹمنٹ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 تا ساڑھے آٹھ روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔ ڈپو اسٹیج پر ہائی اسپیڈ ڈیزل کا موجودہ نرخ 282 روپے 24 پیسے ہے۔
گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں 4 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ میں ساڑھے چار ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ان کے نرخ بالترتیب 98 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل اور 102 ڈالر 90 سینٹ فی بیرل ہوگئے تھے۔
15 دن قبل حکومت نے پیٹرول کے نرخ میں 9 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ میں 3 روپے 32 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
عالمی مالیاتی فنڈ سے کیے گئے وعدے کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کے ذریعے محصول کا بجٹ 869 ارب روپے رکھا ہے۔ جولائی تا دسمبر پیٹرولیم لیوی کی مد میں 475 ارب روپے وصول کیے گئے۔ نظرِثانی شدہ ہدف 920 ارب روپے ہے تاہم اندازہ ہے کہ حکومت مجموعی طور پر 970 ارب روپے وصول کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر 82 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔