آسٹریلوی شہر سڈنی کے شاپنگ سینٹر میں گزشتہ روز چاقو بردار شخص کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا پاکستانی سکیورٹی گارڈ فراز احمد طاہر دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 7 افراد جان سے گئے جب کہ درجنوں زخمی ہوئے۔
پاکستانی سکیورٹی گارڈ فراز احمد طاہر سڈنی کے رائل پرنس ایلفرڈ اسپتال میں زیر علاج تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، جب کہ دوسرا زخمی گارڈ طحہ عمر اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کو سڈنی کے مقامی مال میں ایک شخص نے شہریوں پر چُھرے سے حملہ کیا تھا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تھی اور ملزم کو ہلاک کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی میں چاقو سے حملہ کرنے والا شخص ماضی میں ذہنی صحت کے مسائل کا شکار تھا اور اب تک کی تحقیقات کے مطابق شاپنگ سینٹر پر حملے کا کوئی مقصد سامنے نہیں آسکا۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر انتھونی کوک نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حملہ آور کی شناخت جوئیل کوچی کے نام سے ہوئی۔
انھوں نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت کے بعد ریاست کوئنز لینڈ کی پولیس نے ہلاک ملزم کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے ضروری معلومات حاصل کیں۔